الموڑا ، 4/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی ) اتراکھنڈ کے الموڑا میں پیش آئے ایک خوفناک حادثہ کم از کم 36 افراد اور27 زخمی ہوگئے ہیں۔ حادثہ پیر صبح گڑھوال-رام نگر روٹ پر سالٹ کے قریب پیش آیا، زخمیوں کی حالت دیکھ کر مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ایس ڈی آر ایف اور پولیس کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ کر بچاؤ اور راحت کے کاموں میں مصروف ہیں۔
مختلف خبررساں ایجنسیوں سے ملی اطلاع کے مطابق 42 نشستوں والی بس میں گنجائش سے زیادہ 63 افراد سوار تھے، جو کہ پاؤری گڑھوال کے کیرتھ سے رام نگر جا رہی تھی۔ حادثہ صبح 8:45 بجے کے قریب کپی گاؤں کے قریب پیش آیا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ متعدد مسافر بس سے باہر گر گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں دس خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہیں۔ 28 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ آٹھ دیگر افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال پہنچنے کے بعد دم توڑ دیا۔
وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے اس واقعہ کو "دل دہلا دینے والا" قرار دیتے ہوئے پاؤری اور المورا کے اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسرز کو معطل کر دیا اور حادثے کی مجسٹریل تحقیقات کا حکم دیا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین کو چار لاکھ روپے اور زخمیوں کو ایک لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر دروپدی مرمو نے بھی اس المناک واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، جبکہ وزیر اعظم کے دفتر نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے لیے دو لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے پچاس ہزار روپے امداد کا اعلان کیا۔ حادثے کے فوراً بعد ریاستی اور قومی ڈیزاسٹر ریسپانس فورسز نے ریسکیو آپریشن شروع کیا، جس میں تین شدید زخمیوں کو ایئرلفٹ کر کے ایمس رشی کیش منتقل کیا گیا اور دیگر کو سشیلا تیواری اسپتال ہلدوانی بھیجا گیا۔
بس کو نجی گڑھوال موٹر اونر ایسوسی ایشن چلا رہی تھی اور اس حادثے میں ممکنہ غفلت پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ صحت کے وزیر دھن سنگھ راوت نے مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کا یقین دلایا ہے۔ کانگریس رہنماؤں راہول گاندھی اور ملکارجن کھڑگے نے بھی متاثرہ خاندانوں کے لیے فوری امداد اور معاوضہ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔